اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ موجودہ افراتفری میں اچھی خبر یہ ہے کہ یورپی یونین نے پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے۔ اس اہم پیشرفت کے بعد برآمد کنندگان اور تاجروں کو رکاوٹوں کا سامنا نہیں کرنا بڑے گا۔ اس تجارتی اور سفارتی کامیابی کا سہرا وزیر برائے خارجہ امور بلاول بھٹو زرداری کو جاتا ہے۔
ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے بدھ کے روز ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔
شیری رحمان نے کہا کہ 2018سے پاکستان یورپی یونین کی ہائی رسک ممالک کی فہرست میں شامل تھا جس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت، برآمد کنندگان اور تاجروں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ایک طرف ہم وراثت میں ملی تباہ شدہ معیشت کو درست سمت میں لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ دوسری طرف ایک لاڈلے نے ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلایا ہوا ہے۔ اس نے تاثر پیدا کیا ہے کہ ملک اور عوام کا سب سے بڑا مسئلہ معیشت نہیں بلکہ اس لاڈلے کی ذاتی سیاست ہے۔ یہ مسلسل کوشش کر رہے کے معاشی عدم استحکام قائم رہے لیکن ہم ان کے عزائم کو کامیاب ہونے نہیں دینگے۔

