کراچی: وزیرمحنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں، وکلاء کا مطالبہ ہے کہ فل کورٹ تشکیل دیا جائے، ماضی کے چیف جسٹس نے اداروں کو کمزور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمران نازی اس ملک میں نحوست ہے اور اس ملک کے لئے سیکورٹی تھریڈ ہے، عمران نازی کے عشق میں مبتلا بیٹھے ہوئے کو مشورہ ہے کہ وہ اکیلے عشق کرلیں ورنہ اس کے ساتھ عشق ملک کی تباہی کا سبب بن جائے گا، معروف مزدور رہنماء لیاقت شاہی اور ان کے ساتھیوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے پارٹی مزید مستحکم ہوگی اور انشاء اللہ آنے والے 11 یوسیز کے ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی، پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے جنرل سیکرٹری سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری، نجمی عالم، ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ، جانی میمن اور دیگر موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری جدوجہد میں ہمیشہ سے پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ رہے ہیں اورتمام عوامی نمائندے بھی ساتھ ہیں۔ لیاقت شاہی نے کہا کہ اس وقت اشد ضرورت ہے کہ ترقی پسند پیپلزپارٹی کے سائے تلے جمع ہوں اورکراچی کے ضمنی انتخاب میں عوام پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ یو سی 3 شاہ فیصل کالونی سے ہمیشہ جماعت اسلامی جیتی رہی یے لیکن علاقہ کھنڈرات بنا ہوا ہے۔ اس موقع پر میڈیا کے سوالوں کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ یہاں افتخارچودھری، ثاقب نثارجیسے چیف جسٹس رہے ہیں، جنہوں نے عدالتی وقارکونقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کواپنی ضد سے ہٹناچاہیئے، متنازعہ بنچ ملکی سیاسی معاملات کے فیصلے نہ کریں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ چیف جسٹس سے امید نہیں تھی کی وہ ایک جج کے بارے میں یہ کہیں کہ وہ کسی کومیسیج دیناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہوئے چیف جسٹس نے کل دکھ کااظہارکیا۔
