اسلام آباد:چیف سینسس کمشنر ڈاکٹر نعیم ظفر نے کہا ہے کہ جن علاقوں کی نشاندہی کی گئی وہاں مردم شماری کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر نعیم ظفر نے رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار کو خط لکھ دیا،اپنے خط میں ڈاکٹر نعیم ظفر کا کہنا تھا کہ کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد اور دیگر شہروں میں مردم شماری کا عمل 4اپریل تک مکمل ہونا تھا۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ مردم شماری کی تاریخ میں 4مرتبہ توسیع کی گئی تھی، عید کی تعطیلات کے بعد مردم شماری کے عمل میں 30اپریل تک توسیع کی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں خانہ شماری کا عمل رہ گیا ہے ان کی فہرست فراہم کی جائے۔
ادارہ شماریات کا عملہ ان علاقوں میں 30اپریل تک کام مکمل کرے گا،خط کے متن میں کہا گیا کہ توسیع کے دوران آبادی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ادارہ شماریات کی نشاندہی پر صرف کراچی میں ہی مزید 20لاکھ لوگوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
