واشنگٹن: مصر کے معروف نابینا قاری امریکا میں دوران نماز اللہ کو پیارے ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق مصر کے مشہور نابینا قاری 37 سالہ شیخ عبداللہ کامل امریکا میں ریاست نیو جرسی کی ایک مسجد میں نماز پڑھاتے ہوئے اچانک انتقال کر گئے۔
شیخ عبداللہ کامل نے کم عمری ہی میں بریل کے ذریعے قرآن پاک حفظ کیا تھا۔ وہ قرآن مجید کی دل موہ لینے والی تلاوت کے ساتھ نماز میں اپنی سریلی آواز کے حوالے سے مشہور تھے۔
امریکا روانگی سے کچھ دن قبل قاری عبد اللہ کامل کے ہاں 10 اپریل کو بیٹے کی ولادت ہوئی تھی جس کی اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا پر دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کا نام سفیان رکھا ہے۔ قاری عبداللہ نے 2015ء میں ایک چینل پر تلاوت قرآن کے ایک مقابلے میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کی تھی۔
