لندن:انگلش پریمیئر لیگ میں نیوکیسل یونائیٹڈ ، بورن ماتھ کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے جبکہ ٹوٹنہم ہاٹ پوراورمانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ 2-2گول کی برابری پر ختم ہوگیا۔
گوڈیسن پارک، لیورپول میں کھیلے گئے میچ میں نیوکیسل یونائیٹڈ کی ٹیم نے ایورٹن کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا، کالم ولسن نے دو جبکہ جوئلٹن اور جیکب مرفی نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم نیوکیسل یونائیٹڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
ایورٹن کی ٹیم کی طرف سے واحد گول ڈوائٹ میک نیل نے میچ کے 80ویں منٹ میں سکور کیا،سینٹ میری سٹیڈیم، ساتھمپٹن کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں بورن ماتھ نے سخت مقابلے کے بعد میزبان ساتھمپٹن کو 0-1گول سے ہرا دیا، میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
بورن مائوتھ کے مارکس ٹورنیئر نے 50ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو ساتھمپٹن کے خلاف برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی،اسی طرح ٹوٹنہم ہاٹ پور اورمانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیمیں ٹوٹنہم ہاٹ پور سٹیڈیم، لندن میں نبرد آزما تھیں اور یہ میچ سخت مقابلے کے بعد 2-2کی برابری پر ختم ہوگیا۔
