کراچی: قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ انہیں پانچویں پوزیشن پر کھیلنا پسند نہیں لیکن وہ کپتان اور کوچ کے فیصلے پر کوئی شکوہ نہیں کرتے۔
نیشنل بینک کرکٹ ارینا (نیشنل اسٹیڈیم کراچی) میں پریکٹس سیشن سے قبل نیوز کانفرنس میں محمد رضوان نے کہا کہ ذاتی طور پر مجھے پانچویں پوزیشن پر بیٹنگ پسند نہیں، میں چوتھی پوزیشن پر کھیلنے کا خواہش مند ہوں لیکن کوچ اور کپتان کا فیصلہ اس سے زیادہ اہم ہے، لہٰذا مجھے اس فیصلے سے کوئی شکایت یا شکوہ نہیں ہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ پلیئر کی سوچ الگ ہوتی ہے جب کہ کوچ اور کپتان کی الگ، اس لیے میرے لیے اہمیت اس بات کی ہے کہ میں ٹیم کے لیے بہتر کارکردگی دکھاؤں اور میں بطور بیٹر اپنی ذمے داری پوری طرح سے نبھانے کی کوشش کرتا ہوں۔انہوں نے بتایا کہ مجھے ون ڈے انٹرنیشنل میں اوپنر کے طور پر بھی کھیلنے کی پیش کش ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کرکٹ میں دباؤ زیادہ ہے۔ ذرا بھی اوپر نیچے بیٹنگ آرڈر ہو جائے تو مشکلات پیدا ہو جاتی ہیں، ایسی صورت حال پر قابو پانے کا طریقہ آنا چاہیے۔ کپتان سے متعلق بات کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کی جگہ افتخار کو لائا جائے تو شاہد ہمیں بابراعظم نہیں مل سکے گا۔ اسی طرح اگر ہم افتخار کی جگہ بابراعظم کو لاتے ہیں تو ہمیں افتخار نہیں مل سکے گا۔
