English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امیر ممالک کا پیدا کردہ موسمیاتی بحران غریب اقوام بھگت رہی ہیں، وزیر خارجہ

القمر

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں اس بار اپریل سے ہی بارشیں شروع ہوگئیں، امیر ممالک کے پیدا کردہ موسمیاتی بحران کا خمیازہ غریب اقوام بھگتنے پر مجبور ہیں۔

بلاول ہاوَس سے جاری بیان کے مطابقچیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ اس وقت بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں کی ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے۔ گزشتہ مون سون کے دوران ہونے والی ریکارڈ بارشوں کے متاثرین کی آج بھی بڑی تعداد مدد کے لیے منتظر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ غیرمعمولی بارشوں کے دوران بہہ جانے والے لاکھوں گھروں اور انفراسٹرکچر کی ازسرنو بحالی کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا۔ این ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ ادارے اور حکام بارشوں کے پیش نظر ہمہ وقت چوکس رہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سفر کرنے سے بھی اجتناب برتیں۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کارکنان کے لیے بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جیالے اپنے اپنے علاقوں میں امدادی کاموں کے حوالے سے انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔

انہوں نے بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بارش کے دوران حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ان حادثات میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے