اسلام آباد:تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )14مئی کو قومی اسمبلی توڑنے کی شرط سے پیچھے ہٹ گئی ہے، حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان اس بات پر اتفاق ہو گیا ہے کہ پورے ملک میں ایک ہی دن میں الیکشن کرائے جائیں گے، دونو ں جانب سے اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کا فیصلہ ہوا ہے، الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور بھی اختتام پذیر ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی نے اپنی اپنی تحریری تجاویز تیار کیں، پی ٹی آئی نے تحریری تجاویز حکومتی وفد کے حوالے کردیں، حکومتی اتحاد نے بھی تحریری تجاویز پی ٹی آئی وفد کو دیدیں۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ بجٹ کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی ختم کی جاسکتی ہے، دوسری مثبت بات ہے کہ جس روز بھی ملک میں الیکشن ہوں گے نگران حکومتیں ہوں گی، تیسرا نکتہ تاریخ کا تعین ہے، اس حوالے سے دونوں کا موقف الگ ہے، اس میں لچک آئی ہے، وہ بھی اپنی قیادت سے بات کریں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریش نے کہا کہ مثبت پیش رفت کیلیے حکومت کو وقت دینے کے لیے تیار ہیں، اس وقت تو پی ڈی ایم اور ہمارا اتفاق تو نہیں ہوسکا، لیکن امید ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوجائیں گے۔
