کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہےکہ مولاناہدایت الرحمن بلوچ کی گرفتاری ،جھوٹے مقدمات، گوادر وبلوچستان کے مظلوموں کے حوالے سے عدالت کا دوہرامعیار ،قومی جماعتوں ،قومی میڈیا کی خاموشی پر خاموش نہیں رہیں گے۔
عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ یوم یکجہتی بلوچستان پورے ملک سمیت بلوچستان کے اکثر اضلاع میں مناکر اہل بلوچستان نے عدل وانصاف اورمولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا ساتھ دے دیا، جماعت اسلامی ہر ظلم وجبر کے خلاف اور ہر مظلوم کیساتھ ہے عوام نے سب کو آزمالیا مگر ناامید ہوئے اب حل صرف جماعت اسلامی ہے۔
انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ جماعت اسلامی عوام کو مایوس نہیں کریگی مولانا کا جرم لٹیروں کے خلاف آوازبلند کرنا اور جمہوری حقوق کیلئے قانونی جدوجہد ہے، جماعت اسلامی بلوچستان کے مظلوموں کا ساتھی اورظلم کے خلاف ہر فورم پر آوازبلند کررہی ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ سینٹ قومی اسمبلی سمیت سپریم کورٹ اور عوامی عدالت میں جماعت اسلامی ،سراج الحق ، حافظ نعیم الرحمان ،سنیٹر مشتا ق احمد خان ،مولانا اکبر چترالی اورمولانا ہدایت الرحمان بلوچ ہرپارلیمان ،عدالت سمیت ہر فورم پرمظلوموں کیلئے آوازبلند کر رہی ہے، بلوچستان کیساتھ مقتدر قوتوں کیساتھ بلوچستان اور وفاقی حکومتیں اکثر زیادتی ناجائز اور ظلم کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی وحق دو تحریک ملکربلوچستان کے مظلوموں کیلئے جدوجہد کر رہی ہے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ مزدوروں مظلوموں اور محنت کشوں کا لیڈر ثابت ہوا مولانا نے عوام کو حقوق کے حصول ،ظلم کے خلاف جدوجہد کاشعوردیا جب تک عوام اپنے حقوق کیلئے باہر نہیں آئیں گے ظالموں لٹیروں بھتہ خوروں کے خلاف جمہوری جدوجہد نہیں کریں گے تب تک عوام کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے والے نااہل ناکام لیڈرزانہیں استعمال کریں گے۔
