اسلام آباد:مسلم لیگ(ن)کے رہنما رکن قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی چوری ثابت ہوچکی ہے، قانون کے مطابق اس کیس کا فیصلہ 3 ماہ کے اندر ہوجانا چاہئے تھا کاش کہ عمران خان کو جو سہولت میسر ہے وہ نواز شریف کو بھی ہوتی۔
بدھ کو توشہ خانہ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کو نئے جج نے سنا ہے،کاش عمران خان کو جو سہولت میسر ہے وہ نوازشریف کو بھی ہوتی،قانون کہتاہے کہ توشہ خانہ کا فیصلہ تین ماہ کے اندر ہونا چاہیے تھا،عدالتی نظام عمران خان کی چوری سامنے نہیں لا سکا۔
توشہ خانہ میں عمران خان کی چوری صاف عیاں ہے،ملک میں عام شخص اور عمران خان کے ساتھ عدالتی نظام کا برتائو مختلف ہے،عدالتیں لاڈلے پر فردجرم آج تک عائد نہ کرسکی،تحریکِ انصاف کے لئے تمام عدالتیں مختلف رویہ رکھتی ہیں،ثاقب نثار کی باقیات آج بھی متحرک ہیں،عمران خان کو 2018 انتخابات میں نقل مار کر پاس کروایاگیا،جیسی آوازیں عمران خان کے لئے عدلیہ سے پہلے آتی تھیں آج بھی ویسی ہی آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کسی اور سیاسی جماعت کے رکن کا ہوتاتو فردجرم عائد ہوچکی ہوتی ،نوازشریف پر تنخواہ کا الزام تھاجس پر انہیں تاحیات نااہل کردیا گیا اور اب عمران خان سر پر ٹوکری پہن کر ملک میں گھوم رہے ہیں۔
