اسلام آباد: قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے جاری جدوجہد کے سلسلے میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی ڈاکٹر عافیہ کیس کے برطانوی نژاد امریکی کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ، پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور اور عافیہ موومنٹ کے رہنما فاروق شاہ خان کے ہمراہ لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔
ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمدخان کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے امریکی قید سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے امریکی قیادت کو خط لکھنے کا عندیہ دیاہے، ملاقات میں انسانی حقوق کے علمبردار اور وکیل کلائیو اسٹیفورڈ اسمتھ بھی موجودتھے، اجلاس کے شرکاء کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی پر کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کلائیو اسٹیفورڈ اسمتھ نے ڈاکٹرعافیہ سے حالیہ ہونیوالی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود سے بھی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی۔
انہوں نے وزارت مذہبی امور کا قلمدان سنبھالنے پرسینیٹر محمد طلحہ محمود کو مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر کو بھی ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔
ڈاکٹرعافیہ کے امریکی وکیل نے کہا کہ امریکی جیل میں عافیہ کی صحت کی خراب صورت حال کے باعث ان کی رہائی کی کوششوں کوتیز ترکرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیرمذہبی امورنے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے لیے دائر آئینی پٹیشن نمبر 3139/2015 کی سماعت میں معاونت کیلئے امریکی اٹارنی کلائیو اسمتھ کو طلب کیا ہے، آئینی پٹیشن کی سماعت جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت میں 8 مئی ، پیر کو ہوگی، کیس کا سیریل نمبر 1ہے۔
