چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں تحریک انصاف حکومت بنائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی سے ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ میں زرداری مافیا سے چھٹکارا حاصل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ سندھ کے عوام کی تحریک انصاف سے امیدیں وابستہ ہیں۔
زمان پارک لاہور میں ہونے والی ملاقات میں سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری مبین جتوئی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور علی زیدی نے عمران خان کو سندھ کی تنظیم کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
علی زیدی نے سندھ سے بڑی شخصیات کی پی ٹی آئی میں متوقع شمولیت کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر عمران خان نے علی زیدی کو انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ جلد امیدواروں کا انتخاب اور انتخابی مہم شروع کردی جائے۔
بعد ازاں پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ جلد عمران خان سندھ کے عوام کے درمیان ہوں گے۔ سندھ کے عوام 15 برس سے زرداری مافیا کا ظلم سہہ رہے ہیں۔ سندھ میں متوقع بڑی شمولیتوں سے پارٹی مضبوط ہوگی۔ مضبوط امیدواروں کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں گے۔
