English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان کی گرفتاری قانونی تقاضے پورے کرکے کی گئی، وزیر قانون

القمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد کی گئی ہے ۔کیا یہ اچھا نہ ہوتا عمران خان نیب کے پاس جاتے اور تمام سوالات کا جواب دیتے ۔

انہوں نے کہا کہ جب وارنٹ کی تعمیل کے لیے اس حد تک جانا پڑے تو اس کا انجام ایسے ہی ہوتا ہے ۔ جلاؤ گھیراؤ کر کے ،دباؤ میں لا کر عدالتوں سے ریلیف لینا یا اداروں کو دباؤ میں لاکر امید کرنا کہ اب قانون کا راستہ بدل جائے گا، یہ کسی صورت برداشت نہیں ہے ۔

پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری عمل میں آئی تھی ،اس میں مختلف باتیں سامنے آرہی تھیں جس پر پر وضاحت کرنا چاہ رہا تھا ۔ پچھلے دور میں ایک رواج پڑ گیا تھا جب بھی نیب کوئی ایکشن کرتا تھا ،حکومتی عہدیداران بنیاد بنانے کے لیے وقت سے قبل معلومات دیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے میں عمران خان کی گرفتاری پر عدالت میں کارروائی چل رہی ہے وہاں پر ساری چیزیں شیئر کر دی گئیں ہیں ۔ بطور وکیل سمجھتا ہوں کہ قانون کی پاسداری ہونی چاہیے۔جب معاملہ زیر تفتیش ہے ،اگر آپ تعاون نہیں کرتے ، نوٹس کا جواب نہیں دیتے ، انکوائری مرحلے پرسوالناموں کے جوابات داخل نہیں کرتے تو ایسی صورت گرفتاری ہی واحد حل ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے نیب قانون کو مزید بہتر بنایا ، اس کے خلاف پی ٹی آئی سپریم کورٹ بھی گئی ہوئی ہے، کہا گیا کہ اب نیب قانون کو کمزور کر دیا گیا ہے، اسی نیب قانون کے تحت آج کی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے ایک فیصلہ دیا کہ کسی شخص کے خلاف انکوائری چل رہی ہے تو اسے حفاظتی ضمانت دی جاسکتی ہے ،اعلی عدالت نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا ۔ ماضی والی نیب بھی تھی جو بلاتی کسی اور کیس میں تھی اور گرفتاری کسی اور کیس میں ڈالی جاتی تھی ، سیڑھیاں لگا کر گرفتاریاں کی جاتیں تھیں ،اب وہ والی نیب نہیں ہے، قانون کے مطابق کارروائی ہورہی ہے، حبس بے جا نہیں ہے ،وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عدالت میں پیش کر کے 5 تا 7 دن کا ریمانڈ لیا جائے گا ، اب وہ نیب نہیں جہاں 90 دن کا ریمانڈ ہوتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سیاسی قوموں کا حق ہوتا ہے لیکن جلاؤ گھیراؤ سے کبھی بھی سیاسی بیانیے کو تقویت نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کے مطابق اپنا کنڈیکٹ کرے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے