English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 بھارت میں دو ٹرینیں پٹری سے اتر گئیں، کم از کم 80 افراد ہلاک ، سینکڑوں زخمی

القمر

بھارت میں دو ٹرینوں کے پٹری سے اتر جانے کی وجہ سے کم از کم 80 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔ خدشہ ہے کہ اب بھی ٹرین کے ڈبوں میں کئی زخمی مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔

بھارتی ریاست اڑیسہ کے چیف سیکرٹری پردیپ جینا نے بتایا ہے کہ کولکتہ سے تقریباً 220 کلومیٹردور جنوب مغرب میں دو مسافرٹرینوں کے ٹکرانے سے کم از کم 80 افراد ہلاک اور 850 زخمی ہو گئے ہیں ۔ ہلاکتوں اور زخمی افراد کی تعداد کے بارے میں اطلاعات ابھی آرہی ہیں۔ سی این این کی تازی ترین رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں 120 لوگ ہلاک اور 400 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔

بھارت کے ریلو ے حکام نے ایک بیان میں کہا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہاوڑہ سوپر فاسٹ ایکسپریس پٹری سے اتر گئی اور کورومنڈل ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ پٹری سے اترنے والی کورومنڈل ایکسپریس ریاست مغربی بنگال کے علاقے ہاوڑہ سے جنوبی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئ جا رہی تھی۔

ریلوے منسٹری کے ترجمان امیتابھ شرما نے کہا تھا کہ ایک ٹرین کے 10 سے 12 ڈبے پٹری سے اتر گئے اور کچھ ٹوٹی ہوئی بوگیوں کا ملبہ قریبی ٹریک پر گر گیا۔ اور مخالف سمت سے آنے والی ایک دوسری مسافر ٹرین اس سے ٹکرا گئی اور اس کے بھی تین ڈبے پٹری سے اتر گئے ۔

جائے حادثہ سے ملنے والی تصاویر میں ریسکیو ورکرز کو زندہ بچ جانے والے لوگوں کو تلاش کرنے کے لئے ایک تباہ شدہ ٹرین کے ملبے پر چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔

حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد تقریباً 400 افراد کو ہسپتالوں میں لے جایا گیا۔ اڑیسہ کے ایک سرکاری ہسپتال کے باہر سینکڑوں نوجوان خون کے عطیات دینے کےلئے لائنوں میں کھڑے نظر آئے۔

ایک عینی شاہد نے رائٹرز کو بتایا کہ ، میں اس مقام پر تھا اور وہاں خون، ٹوٹے ہوئے انسانی اعضا اور لوگوں کو مرتے ہوئے دیکھ سکتا تھا۔

چیف سیکرٹری جینا نے اس سے قبل کہا تھا کہ سینکڑوں لوگوں کو حادثے کے قریب واقع مختلف مقامی ہسپتالوں میں لے جایا گیا اور یہ کہ 200 سے زیادہ ایمبولینسیں متاثرین کو قریبی ہسپتالوں میں پہنچاتی رہیں۔

اڑیسہ کے وزیر اعلیٰ نوین پانٹنائک نے کہا ہے کہ حکام کی ترجیح زندہ لوگوں کو ہسپتال پہنچانا تھی ، انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ فکر زندہ لوگوں کو بچانے کی تھی۔

وزیر اعظم نریندرمودی نے ٹویٹر پر کہا کہ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد دی جارہی ہےـ۔

اڑیسہ میں ٹرینوں کا حادثہ، فوٹو اے پی 2 جون 2023

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ، ریاستی حکومت کی ٹیمیوں اور ائیر فورس کو بھی حادثے میں کارروائی کے لئے متحرک کر دیا گیا ہے ۔

دنیا میں ایک ہی انتظام کے تحت سب سے بڑا ٹرین نیٹ ورک ہ بھارت میں ہے۔بھارت بھر میں روزانہ ایک کروڑ بیس لاکھ سے زیادہ لوگ 64 ہزار کلومیٹر ٹریک پر چلنے والی 14,000 ٹرینوں پر سفر کرتے ہیں ۔

ٹرینوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کی کوششوں کے باوجود، ہندوستان میں ہر سال ریلوے کے کئی حادثات رونما ہوتے ہیں۔

اگست 1995 میں نئی دہلی کے قریب دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی تھیں ۔ بھارت کی تاریخ کے اس بدترین ٹرین حادثے میں 358 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

زیادہ تر ٹرین حادثات کا الزام انسانی غلطی یا سگنل کے پرانے آلات پر عائد کیا جاتا ہے

(اس خبر کا مواد رائٹرز اور اے پی سے لیا گیا ہے)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے