اسلام آباد: یونان کے ساحل کے قریب کشتی الٹنے سے پاکستانیوں کی اموات پروفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے انسانی اسمگلروں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاون شروع کر دیا ہے جس کے بعد یونان کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹ کو اتوار کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔
یونان میں پیش آنے والے واقعے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سربراہ محسن حسن بٹ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ملک بھر میں انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈان شروع کر دیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے اینٹی ٹریفکنگ سرکل لاہور کے مطابق گرفتار ملزم طلحہ شاہزیب نے ایک متاثرہ شخص کے گھر والوں سے یونان بھیجوانے کے لیے 35 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے عبد الغفور نے نیوز پورٹل کو بتایا کہ فروری میں جب لیبیا سے اٹلی کا واقعہ ہوا تھا تب بھی ایف آئی اے نے کارروائی کی تھی اور ملوث افراد کو نشاندہی پہ گرفتار بھی کیا تھا۔ لیکن یہ کوئی ایک شخص نہیں ہوتا ان کے مختلف سہولت کار ہوتے ہیں کو صرف ایک علاقے تک کام کرتے ہیں اگلے علاقے میں اگلا سہولت کار ہو گا۔