لاہور: سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے پر امید پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے مرطوب حالات میں کھیلنے کو چیلنج قرار دے دیا ۔
پاکستانی فاسٹ باؤلر نےخصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گرین کیپس کی جانب سے سیریز کے لیے تیاریاں زوروں پر ہیں ،سری لنکا کے لیے ہماری تیاریاں درست سمت میں جا رہی ہیں۔ گرم موسم میں کھیلنا ایک چیلنج ہے لیکن بطور پیشہ ورہمیں اس کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیل کے تمام فارمیٹس میں آپ کا امتحان لیتی ہے اور یہ آپ کی فٹنس اور مہارت کو ظاہر کرتی ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں طویل اسپیل بولنگ آپ کو محدود اوورز کے فارمیٹس میں مدد دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کھیل کے تینوں فارمیٹس سے لطف اندوز ہونے اور اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں۔ ایک کھلاڑی کو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے کے لیے تینوں فارمیٹس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستانی کھلاڑی 9 جولائی کو سری لنکا روانگی سے قبل کیمپ کے لیے 3 جولائی کو کراچی میں جمع ہوں گے،دورے کے سفر کا اعلان سری لنکا کرکٹ مقررہ وقت پر کرے گا۔
