کراچی( رپورٹ: مقصود احمد ) پرائم منسٹرزیوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے سلسلے میں سندھ کی گرلز اوربوائز ہاکی اور والی بال لیگز کاباقاعدہ آغاز 21جون سے کراچی میں ہورہا ہے۔
لیگ کی شاندار افتتاحی تقریب این ای ڈی یونیورسٹی کے محمود عالم آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی جس کی مہمان خصوصی وزیراعظم کی مشیر برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ تھیں جبکہ انچارج شہباز شریف سیکریٹریٹ سندھ، نائب صدر مسلم لیگ سندھ خواجہ شعیب اعزازی مہمان تھے، میزبانی کے فرائض معروف اسپورٹس صحافی سید یحیی حسینی نے ادا کیے۔
افتتاحی تقریب کے موقعے پر نوجوان کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوۓ شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کی سرپرستی کی جائے گی اور تمام کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انھوں نے نوجوانوں کو بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر میں فٹبال کے ٹرائلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ان ٹرائلز میں 15 سے25 سال کے لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے سکتے ہیں۔
خواجہ شعیب کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس ایونٹ کو بھی کامیابی سے آرگنائز کیا جائے اور سندھ بھر سے آنے والی ٹیموں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا تھا کہ کھیل ہماری مثبت سرگرمیوں میں اضافہ کرتا ہے۔
