کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کے اجتماعی مسائل میں روزبروزاضافہ ہورہا ہے بے روزگاربرائے فروخت ،کھیلوں کے مواقع وگرائونڈنہ ہونے اور منشیات کے بہتات نے نوجوانوں کو اخلاقی ،ذہنی امراض کا شکار کر دیا ہے ۔
مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بارڈراورساحل سمیت پر طرف کاروبار پر سیکورٹی کے نام پر قبضہ کیا گیا ہے رشوت ،بھتہ خوری عام ہوگئی ہے ۔جو جتنے بڑے عہدے پر ہوتے ہیں اتنے ہی حرام مال کمانے میں مصروف ہوتے ہیں ،مسائل کا حل جماعت اسلامی اور اسلامی نظام ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بجٹ میں اعلانات خوشنما لیکن عملی میدان میں کچھ نہیں ۔ترقیاتی کام ختم ،حکومت اور اپوزیشن سب ممبران مال بنانے میں مصروف ہیں ہر طرف اندھیر نگری ،بدعنوانی اورکمیشن وکمیشن مافیازکاراج ہے ظلم وجبر ،ناانصافی ،نااہلی کے خلاف عوام جماعت اسلامی کاساتھ دیں تاکہ عدل وانصاف کا اسلامی حکومت قائم ہوجائے ۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ عوام باربار وعدے کرنے ،پارٹیاں بدلنے اور منتخب ہونے کے بعد غائب ہونے والوں کے بجائے جماعت اسلامی کی دیانت دار ٹیم کاساتھ د یں تاکہ مسائل مشکلات اورپریشانیوں سے نجات مل جائیں بدقسمتی ،انتظامی وحکومتی اور مقتدر قوتوں کی نااہلی وسازشوں کی وجہ سے گوادر وکراچی کی طرح ہرجگہ جماعت اسلامی کا راستہ روکاجارہا ہے انشاء اللہ جماعت اسلامی کامیاب ہوگی اور عوامی مسائل کو حل واسلامی نظام کو قائم کریگی ۔
