کراچی: سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر پوری امت مسلمہ کو بالعموم اور پاکستانی قوم کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی ایک مذہبی تہوار ہے لیکن دراصل اس جذبہ ایثار و قربانی کا نام ہے جس نے حضرت ابراھیم علیہ السلام کو بیٹے کی گردن پر چھری رکھنے پر مجبور کر دیا۔
دردانہ صدیقی نے کہاکہ اللہ تعالی ہم سب کی قربانیاں قبول فرمائے، اس فریضہ کی اصل روح جانور کی قربانی میں نہیں بلکہ اللہ کی ہمہ وقتی اطاعت اور تسلیم و رضا میں پوشیدہ ہے۔عید الاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جذبہ اطاعت و فرمانبرداری سے لبریز گفتگو یاد دلاتی ہے جو قیامت تک کے لئے مشعل راہ اور تسلیم و رضا کی یادگار مثال ہے۔
انہوں نے کہاکہ حضرت ابراھیم علیہ السلام , حضرت اسماعیل علیہ السلام اوربی بی حاجرہ رحم اللہ نے اطاعت خداوندی کی شاندار مثال قائم کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحی ہمیں سیدہ حاجرہ علیہ السلام کی ایثار و قربانی اور بہترین تربیت اولاد کی طرف بھی متوجہ کرتی ہے۔
رہنما جماعت اسلامی حلقہ خواتین کا کہنا تھا کہ حضرت حاجرہ علیہ السلام بہترین ماں اور بہادر رفیقہ حیات تھیں جنہوں نے مکہ کے بیابان میں حضرت اسماعیل علیہ السلام کی ایسی تربیت کی کہ آج عیدالاضحی پر پوری امت مسلمہ انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے-انہوں نے کہا کہ اگر دور حاضر کی مائیں سیرت سیدہ حاجرہ علیہ السلام پر عمل پیرا ہو کر اپنے بچوں کی اسی انداز میں ترببت کریں تو نوجوان نسل امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام کی اشاعت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں محسوس کریں اور اقامت دین کا فریضہ بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔
دردانہ صدیقی نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر مظلوم انسانیت بالخصوص کشمیر ،فلسطین ،شام اور بھارت کے مسلمانوں کی دین کی سرپلندی کی خاطر ان گنت قربانیوں کو یاد رکھیں ،دردانہ صدیقی نے کہا کہ وطن عزیز میں رہنے بسنے والے اپنے اردگرد موجود ضرورت مند غرباو مساکین اور اعزا و اقربا رشتہ داروں کو قربانی کے گوشت کی تقسیم میں یاد ضرور رکھیں۔
