اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک بار پھر بھارت پر زور د یا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں جاری جبر کو فوری طور پر روکے، انسانی حقوق کی تمام خلاف ورزیاں بند کی جائیں، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، فوجی محاصرہ ختم کیا جائے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششیں بند کی جائیں، اور کشمیری عوام کو اپنے جائز حق خودارادیت کا استعمال کرنے دیا جائے۔یوم شہداء کشمیرکے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے 92 ویں یوم شہدائے کشمیر پر ان 22 کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کیاہے جنہوں نے 1931 میں ڈوگرہ فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کا سامنا کرتے ہوئے عظیم قربانی دی ۔
صدر نے کہاکہ س افسوسناک دن پر پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ 1931 کے شہدا کی قربانیوں کو یاد کرتی ہے، یہ امر باعث افسوس ہے کہ کشمیری آج بھی بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ آج بھی 9 لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج جموں و کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیری عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔
