اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والا انسانی حقوق کی بات کررہا ہے، اسرائیل سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالی کا گھنانا ریکارڈ کسی کے پاس نہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاکہ اسرائیل کے فلسطینیوں پر مظالم کے بارے میں سب جانتے ہیں، اسرائیل نے فلسطینی علاقوں پر بمباری کی جس سے چھوٹے چھوٹے بچے جاں بحق ہوئے، صحافی پہنچے تو ماں اور باپ کفن کا کپڑا اٹھا اٹھا کر دکھا رہے تھے کہ یہ دیکھو، چھوٹے چھوٹے بچوں کی لاشیں مسخ ہوچکی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک اور ویڈیو میں ایک باپ اپنے بچوں کے سامنے ڈھال بنا کھڑا تھا اسے اور اس کے بیٹے کو گولیاں ماری گئیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والا انسانی حقوق کی بات کررہا ہے، اسرائیل سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالی کا گھنانا ریکارڈ کسی کے پاس نہیں، وہ ملک کہہ رہا ہے کہ پاکستان حقوق کا خیال رکھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کو حساس تنصیبات پر حملے کیے گئے، ایم ایم عالم کے تاریخی جہاز کی بے حرمتی کی گئی، 9 مئی کے واقعات کے بعد اسرائیل کو پاکستان میں انسانی حقوق کا خیال کیوں آیا؟ ان لوگوں نے ملک کے خلاف سازش کی، ہم چاہتے ہیں اوئے توئے اور ناامیدی کی سیاست ختم ہو، آگے بڑھیں ہاتھ تھامیں اور اپنے بچوں کو امید دلائیں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم کی سینکڑوں ویڈیوز موجود ہیں، سوچنے کی بات ہے کہ اسرائیل 9 مئی کے واقعات پر ہی بات کیوں کررہا ہے؟کسی اور ملک میں 9 مئی جیسے واقعات ہوتے تو ملوث عناصر سے کیا سلوک کیا جاتا؟۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل حساس تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کی حمایت کیوں کررہا ہے؟
