لاہور:پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی نوید سنادی۔
گرمی کے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا ، پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ ، چونیاں،عارف والا اور دیگرعلاقوں میں بادل کھل کر برسے جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بونداباندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے شہر میں پیر تک وقفے وقفے سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
کراچی میں بھی بارش کی انٹری،کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے،کراچی کے علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، شارع فیصل،گارڈن اور ملیر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں دن کے اوقات میں مطلع جزوی ابرآلود اور رات میں ابرآلود رہیگا، کراچی میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔