اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ءاللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مفادات سے کھیلنے والوں نے خود اعتراف جرم کرلیاہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ کون تھا جس نے سائفر کی بنیاد پر ایک ڈھونگ رچایا ؟اعظم خام کا بیان ان کی آڈیو کی تصدیق کرتا ہے کہ اصل میرجعفر کو ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی اس جرم میں پوری طرح شریک ہیں،سائفر ڈرامہ پاکستان اور اس کے اداروں کیخلاف تھا، اعظم خان کے منع کر نے کے باوجود سابق وزیرا عظم نےسائفر جیسی خفیہ دستاویز پبلک کی۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سائفر گم نہیں ہو ا بلکہ ابھی بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہے،ایک خفیہ سرکاری دستاویز کو اپنی تحویل میں رکھنا ایک جرم ہے،چیئر مین پی ٹی آئی کو ہر قیمت پر سزا ملنی چاہیے،انہوں نے ذاتی مفاد کے لیے یہ کھیل کھیلا،خفیہ دستاویز رکھنے کا جرم اس وقت تک جاری رہے گا جب تک گرفتار کر کے سائفر بر آمد نہیں کرلیا جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ سائفر کے خفیہ دستاویز رکھنے کے جرم میں امریکا کے سابق صدر کیخلاف بھی کارروائی ہورہی ہے۔
