ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پولینڈ پر علاقائی عزائم رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ روس کے پڑوسی اور قریبی اتحادی بیلاروس کے خلاف کسی بھی جارحیت کو روس پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سیکیورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس، بیلاروس کے خلاف کسی بھی جارحیت پر ردعمل دے گا، جس کی روس کے ساتھ ایک کمزور یونین اسٹیٹ ہے۔
واضح رہے کہ پولینڈ کی سیکیورٹی کمیٹی نے بدھ کو روسی نجی فوجی گروپ ویگنر کے ارکان کے بیلاروس پہنچنے کے بعد فوجی یونٹوں کو مشرقی پولینڈ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اسی روز ویگنر کے سربراہ یوگینی پریگوزن کو ایک ویڈیو میں بیلاروس میں جنگجوں کا خیرمقدم کرتے اور انہیں یہ کہتے ہوئے دیکھا گیا تھا کہ وہ یوکرین کی جنگ میں فی الحال مزید نہیں ہوں گے لیکن انہیں بیلاروسی فوج کی تربیت کے دوران افریقہ کے لیے قوت بڑھانے کا حکم دے رہے تھے۔
