لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے گیس کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ کی منظوری کو حکومت کا ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمت 50 فیصد اضافہ کی منظوری عام آدمی کا معاشی قتل ہے۔
ضیاالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا کہ بجلی کے بعد گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ مرے کو مارنے کے مترادف ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر آٹا، چینی، گھی، سبزیاں، پھل،دودھ،بجلی، پٹرول و گیس اوردیگر ضروریاتی اشیاکی بڑھتی قیمتوں نے سفید پوش اور غریب آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ بے حس حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی خوشنودی کیلئے عوام کو قربانی کا بکر ا بنا کر مہنگائی کی چھری غربیوں کی گردن پر چلا دی ہے۔ پاکستان کے ظلم پر مبنی نظام میں لاکھوں روپے تنخواہیں لینے والوں کو بجلی و گیس سمیت دیگر مفت سہولیات اور مراعات دی جارہی ہیں جو عوام کے حق پر ڈاکہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کیلئے دووقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ترین امر بن چکا ہے۔نااہل حکومت آئی ایم ایف کو خوش کرنے اور مزید قرضوں کے حصول کیلئے لوگوں پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے جو ظلم اور بربریت کی انتہا ء ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مختلف تقاریب میں بجلی کے بعد گیس کی قیمتوں میں 50 فیصدظالمانہ اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا۔
ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کریگی اور عوا م میں سیاسی شعور اجاگر کریگی۔ آئندہ انتخابات میں قوم نے اگر ان ہی آزمائے ہوئے کرپٹ سیاستدانوں کو ووٹ دیا تو آئندہ سو سال تک بھی ملک و قوم کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔

