ریاض:سعودی عرب نے پاکستانیوں کیلئے بھی پاسپورٹ پرویزہ اسٹیکرختم کردیا ہے۔جس کے تحت اب ملازمت، اقامہ، وزٹ اورٹرانزٹ ویزے آن لائن جاری کیے جائیں گے،تاہم پہلے سے جاری شدہ اسٹیکر ویزے اب بھی موثرہوں گے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے پاکستانی سمیت مزید 12ممالک کے شہریوں کے لیے پاسپورٹ پرویزہ اسٹیکرختم کرنے کے فیصلے پرعمل درآمد شروع کر دیا ہے۔
پاکستان کے علاوہ ترکیہ،لبنان،نیپال،سری لنکا،مراکش،تھائی لینڈ، ویتنام، یمن، سوڈان،یوگنڈا اور کینیا کے شہریوں کے لیے بھی ویزہ اسٹیکرکوختم کردیا گیا،جس کے تحت ان ممالک میں سعودی سفارتخانے اورقونصلیٹ پاسپورٹس پراسٹیکرنہیں لگائیں گے بلکہ ان کی جگہ آئندہ کیو آرکوڈ کے ساتھ ای ویزہ جاری ہوگا۔
سعودی عرب کے محکمہ شہری ہوابازی نے تمام فضائی کمپنیوں کو تحریری طورپرآگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسپورٹ پرویزہ اسٹیکرکی بجائے کاغذ پرویزہ پرنٹ ہوگا جس میں مسافر سے متعلق معلومات درج ہوں گی جبکہ کیوآرکوڈ کے ذریعے ویزوں کے موثرہونے سے متعلق معلومات ملیں گی۔

