اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبہ پر 377 ارب روپے لاگت آئے گی، سولر کیلئے ایک تہائی حصہ کسان اور باقی حصہ وفاق اور صوبے ادا کریں گے، ترقی کیلئے زراعت کے پہیے کو تیزی سے گھمانا ہو گا، کل ہم اپنی مدت پوری کر رہے ہیں۔
کنونشن سینٹر میں ایک لاکھ زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی مدت پوری ہونے سے پہلے شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلز کے اس منصوبے کو شروع کیا، ملک میں زراعت خوشحالی کا انقلاب لا سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں کسان ہر موسم میں محنت کرتے ہیں، کروڑوں لوگوں کیلئے غلہ پیدا کرتے ہیں، اس سے بڑھ کر ملک کی کوئی خدمت نہیں ہو سکتی اور نہ ہی عبادت ہو سکتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو سستی بجلی کی ضرورت ہے، اس کے بغیر صنعت و حرفت، زراعت اور برآمدات ترقی نہیں کر سکتیں، سستی بجلی مہیا کرنا ہر حکومت کا اولین فرض ہے۔

