کراچی: ملک بھر میں اور بیرون ملک موجود پاکستانی فن کاروں نے جشنِ آزادی کے موقع پر خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔
پاکستان کے 76 ویں یومِ آزادی پر جہاں پوری قوم اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی جشن منا رہے ہیں، وہیں فنکار بھی کسی سے پیچھے نہیں، جو 14 اگست کے موقع پر مختلف تقاریب میں شریک اور سماج رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنے پیغامات جاری کررہے ہیں۔
اداکار ہمایوں سعید نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’یومِ آزادی مبارک۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ ارضِ پاک کو قوت اور پاکستانی قوم کو ایسی صفات سے نوازے جس سے وطن عزیز ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہو۔ پاکستان زندہ باد‘‘۔
Happy Independence Day. May Allah bless our beloved Pakistan with strength and our nation with traits that lead to progress prosperity. Pakistan Zindabad 🇵🇰 🇵🇰 🇵🇰 pic.twitter.com/JGIiVrjuAp
— Humayun Saeed (@iamhumayunsaeed) August 13, 2023
معروف اداکار عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی پر آئیے ہم اس عظیم جدوجہد کو یاد کریں جس کے نتیجے میں وطن عزیز وجود میں آیا۔ انہوں نے قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونا ہوگا کیوں کہ امید، اتحاد اور خوش حالی کا مرکز پاکستان ہمارا مستقبل ہے۔ پاکستان زندہ باد۔
عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر یوم آزادی کی مناسبت سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
اداکارہ عائزہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ یوم آزادی کی خوشی منا رہی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ملنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اداکار فیصل قریشی نے بھی یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر قومی پرچم کی تصویر کے ساتھ پاکستان زندہ باد لکھا ہے۔
