English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کرغزستان میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا نہ کسی خاتون سے زیادتی ہوئی، دفتر خارجہ

القمر

 اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کرغزستان کے سفارت خانے کے ناظم الامور کو ڈیمارش کے لیے طلب کیا اور پاکستانی طلبا کی سیکیورٹی کا مطالبہ کیا، ترجمان نے کہا ہے کہ حملوں میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا اور نہ کسی پاکستانی خاتون کا ریپ ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل دفتر خارجہ نے کرغز سفارت خانے کے ناظم الامور کو طلب کیا اور کرغزستان میں پاکستانی طلبہ پر تشدد کی رپورٹس پر پاکستان کی جانب سے گہری تشویش سے آگاہ کیا اور کہا کہ کرغز حکومت کو پاکستانی طلبہ کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہییں۔

یہ پڑھیں : ہم وطنوں سے اپیل ہے سوشل میڈیا کی خبروں پر یقین نہ کریں، پاکستانی سفیر

دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان دنیا بھر میں ہم وطنوں کے تحفظ اور سلامتی کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

حملوں میں کسی پاکستانی خاتون کا ریپ نہیں ہوا، ترجمان

بعد ازاں ترجمان دفتر خارجہ زہرہ بلوچ نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل رات کا واقعہ تشویش ناک ہے، ہمارے طلباء کو جو کل تکلیف ہوئی وہ نا قابل قبول ہے، ہم نے کرغز سفارت خانے کے ناظم الامورکو دفتر خارجہ بلایا اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا کہ کرغز حکومت فوری طور پر طلباء کی سیکیورٹی یقینی بنائے جس پر ہمیں اعلیٰ سطح پر طلباء کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ’ ہاسٹل میں محصور ہیں، دوبارہ حملے کی اطلاعات ہیں ‘ بشکیک سے پاکستانی طلبا کے پیغامات

انہوں نے کہا کہ حملوں میں کسی پاکستانی کی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور کسی پاکستانی خاتون کا ریپ نہیں ہوا، خواتین سے زیادتی کیے جانے کی خبروں میں صداقت نہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ طلباء کی رہنمائی کے لیے عملہ ہر وقت دفتر میں موجود رہا، ہم نے پاکستانی طلباء کو اکیلا نہیں چھوڑا ہے۔

اسی سے متعلق : وزیراعظم کی امیر مقام کو فوری طور پر بشکیک جانے کی ہدایت

دریں اثنا نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ کو کرغزستان میں جاری صورت حال پر نظر رکھنے اور وہاں موجود پاکستانی شہریوں کی مکمل مدد اور انہیں سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے