نیو یارک :امریکی سرزمین پر سکھ رہنما کے قتل کی ناکام سازش میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے الزامات پر 5سینیٹرز نے بائیڈن انتظامیہ سے سخت سفارتی ردعمل کا مطالبہ کیا ہے تا کہ سکھوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے سکریٹری انٹونی بلنکن کو لکھے گئے خط میں سینیٹرز نے اس معاملے پر بھارتی حکومت کے ساتھ انتظامیہ کی مصروفیات کے بارے میں بریفنگ کی درخواست بھی کی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور بھارت کے تعلقات نہ صرف باہمی اسٹریٹجک مفادات پر مبنی ہونے چاہئیں بلکہ جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے لیے مشترکہ وابستگی پر مبنی ہونا چاہیے ۔
خط لکھنے والوں میں سینیٹر جیفری اے مرکلے، سینیٹر کرس وان ہولن، سینیٹر ٹم کین، سینیٹر برنارڈ سینڈرز اور سینیٹر رون وائیڈن شامل ہیں۔
واضح رہے کہ “29 نومبر 2023 کو، محکمہ انصاف نے ہندوستانی شہری نکھل گپتا پر نیویارک میں ایک امریکی شہری کو قتل کرنے کی ناکام سازش میں حصہ لینے کے لیے فرد جرم عائد کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس کا ٹارگٹ سکھ رہنما گُرپتونت سنگھ پنن تھا جو خالصتان مومنٹ کا اہم رکن ہے اور امریکی شہری ہے ۔”
سینیٹرز نے کہا کہ گپتا کے ساتھ کام کرنے والے ایک نامعلوم بھارتی سرکاری اہلکار نے قتل کی سازش کا حکم دیا تھا، جسے امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن نے ناکام بنا دیا تھا۔

