English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آئی ایم ایف پروگرام کیلیے سخت فیصلے کرنے جا رہے ہیں‘رانا تنویر

القمر

مرید کے( آن لائن ) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کیلئے سخت فیصلے کرنے جا رہے ہیں، وفاق اور پنجاب میں 5 سال بعد حالات 2017 سے بھی بہتر ہو جائیں گے، مایوسی کی کوئی بات نہیں(ن)لیگ کی حکومت خوشحالی لیکر آئے گی،پہلے سو دن میں حکومت تاریخی مہنگائی نیچے لیکر آئی۔مرید کے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس سال نہیں اگلے سال عوام کو فل ریلیف ملے گا۔شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کا وعدہ پورا کیا۔ آئندہ کوئی ایسا پروگرام نہیں ہوگا جس کیلئے قرضہ لینا پڑے۔ پاکستان کی خوشحالی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ بجٹ پر پیپلزپارٹی سے پہلے مشاورت کی اب ان کے تحفظات دور کریں گے۔ نواز شریف کی طرح شہباز شریف بھی کشکول توڑ دیں گے۔صنعتوں کو بجلی سستی دی۔ مزید سہولیات بھی دیں گے، امید ہے صنعتیں بحال ہوں گی۔ زراعت کی طرح جی ڈی پی میں حصہ ڈالیں گی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کیا۔مولانا فضل الرحمان مسلم لیگ (ن) کے فطری اتحادی ہیں۔ ان کاپی ٹی آئی کے ساتھ چلنا مناسب نہیں۔اتحاد ہو بھی جائے تو زیادہ دیر تک نہیں چلے گا۔ مولانا فضل الرحمان کے نواز شریف سے پرانے تعلقات ہیں۔ پی ٹی آئی کے ساتھ چلنا ان کیلئے مناسب نہیں۔9 مئی کے واقعات کو کافی عرصہ گزر گیا لیکن کسی کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا۔ لندن اور امریکا میں 15 سے 20 دنوں میں عدالتیں 24 گھنٹے کام کرکے ایسے کیسز کے فیصلے سنا دیتی ہیں۔رانا تنویز حسین نے مزید کہا کہ 9 مئی کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا ہوتا تو بانی پی ٹی آئی ایسی باتیں نہ کررہے ہوتے۔ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں مگر فیصلوں سے یہی لگ رہا ہے کہ ان کا جھکاؤ بانی پی ٹی آئی کی طرف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے