اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای) کے اسکولوں میں نئی تعلیم دوست پالیسی متعارف کرادی گئی، جس کے تحت پرائمری جماعت تک کے بچے یکم اگست سے بغیر بیگ کے اسکول آیا کریں گے۔ وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے حکام نے بتایا کہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے لیے یہ ایک اچھی خبر ہے، ان کو بھاری بھرکم اسکول بیگ اب اٹھانا نہیں پڑے گا۔ اسلام آباد کے سرکاری پرائمری اسکول کے لیے متعارف دوستانہ پالیسی کے تحت طلبہ کے اسکول کی کتابوں کو ذخیرہ کرنے کے لیے کلاس رومز میں کیبن فراہم کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد بھاری اسکول بیگز کا وزن کم کرنا اور طلبہ کے لیے صحت مند اور خوشگوار سیکھنے کے تجربے کو فروغ دینا ہے۔ حکام نے بتایا کہ یہ فیصلہ والدین اور طلبہ دونوں کے لیے ایک خوش آئند اقدام ثابت ہوگا۔ نئی پالیسی یکم اگست سے نافذ العمل ہوگی، تمام سرکاری پرائمری اسکولوں میں ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔