نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں ایم پی اے کی بیٹی نے سوئے ہوئے شخص کو کار سے کچل دیا، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق آندھرا پردیش کی اپوزیشن جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن راجیاسبھا بیدھا مستان راؤ کی بیٹی بیدھا مادھوری کو گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہائی مل گئی۔ رپورٹ کے مطابق خاتون پر سوئے ہوئے شخص پر اپنی کار چڑھانے اور بے پروائی سے ڈرائیونگ کرنے کا الزام ہے۔ کار چڑھانے کی وجہ سے سویا ہوا شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ پولیس کے مطابق مادھوری نے چنائے کے بسنت نگرعلاقہ میں فٹ پاتھ پر محوخواب شخص پر کار چڑھادی جس کے بعد وہ، ایک اور شخص کے ساتھ وہاں سے فرار ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے واقعہ رات گئے پیش آیا۔کار کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے کی شناخت21سالہ سوریا کے طور پر کی گئی ہے ۔ اسے پینٹر سوریا کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ،جس کے بعد بے پروائی سے کار چلانے کے الزام میں مادھوی کو گرفتار کرلیا گیا لیکن سیاست دان کی بیٹی ہونے کے باعث بعد میں اسے فوری طر پر ضمانت پر رہا کردیا گیا۔