English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ،شہر میں ہنگامے پھوٹ پڑے،کے الیکٹرک دفتر میں توڑ پھوڑ

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی پر عوام کی جانب سے احتجاج میں شدت آگئی اور حکام کو مسائل حل نہ کرنے کی صورت میں احتجاج جاری رکھنے سے خبردار کردیا گیا۔ کئی علاقوں گرومندر، لیاقت آباد، ابوالحسن اصفہانی روڈ، مدارس چوک، کورنگی ناصر جمپ، باغ کورنگی شاہ فیصل، بابر کانٹا کورنگی مرتضیٰ چورنگی اور کورنگی گودام چورنگی کے قریب علاقہ مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا اور سڑکیں ٹریفک کے لیے بلاک کر دیں، جس کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے نظام درہم برہم ہوگیا۔ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں نے کے الیکٹرک کسٹمز کیئر سینٹر پر حملہ کردیا جس کے بعد عملہ دفتر چھوڑ کر فرار ہوگیا‘ شہریوں کے شدید پتھراؤ کے باعث دفتر کے شیشے ٹوٹ گئے‘ مظاہرین نے دونوں اطراف کی سڑک ٹریفک کے لیے بلاک کردی ۔شہریوں کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین کی جانب سے کے الیکٹرک کی سفاکانہ لوڈشیڈنگ اور خود ساختہ کیبل فالٹس کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومتی عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں بجلی، پانی اور گیس کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندوں نے بھی پراسرار خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، الیکشن میں منتخب ہونے کے بعد عوام کی خدمت کے دعوے دار منظر سے غائب ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ اپنی کامیابی کے بعد انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں رہا۔ پولیس نے مظاہرین سے بات چیت کرکے انہیں پرامن طور پر منتشر کرادیا جس کے بعد ٹریفک بحال ہوگیا ۔ دوسری جانب کے الیکٹرک حکام کا دعویٰ ہے کہ کسی بھی علاقے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی اور ویب سائٹ پر جاری شیڈول کے مطابق شہر میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ کے الیکٹرک کے دائرہ کار کا70 فیصد علاقہ بدستور لوڈ شیڈنگ سے مستثنا ہے۔ اس بات کا اعلان کمپنی نے اپنے2 ہزار سے زاید فیڈرز پر مشتمل نیٹ ورک کا سہ ماہی جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔ موجودہ شیڈول نافذ العمل ہوچکا ہے اور کمپنی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے ۔ صارفین کے۔ ای لائیو ایپ اور کے۔ ای واٹس ایپ سروس کے ذریعے تازہ ترین اپ ڈیٹس حاصل کرسکتے ہیں۔ کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ ہم پی ایم ٹیز پر نصب اسمارٹ میٹرز کے ذریعے اپنے نیٹ ورک پر کڑی نظر رکھتے ہیں، جس سے ہمیں کسی بھی علاقے میں بجلی کی چوری اور بلوں کی وصولی کی صورتحال سے آگاہی ملتی ہے‘ 70 فیصد نیٹ ورک کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے جبکہ زیادہ نقصان والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ10 گھنٹے ہے‘ بلوں کی باقاعدہ ادائیگی اور بجلی کی چوری میں کمی سے کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے