English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیٹ کمنزٹی ٹوئنٹی میں دو ہیٹ ٹرک انجام دینے والے 5ویں بولر

القمر

پیٹ کمنز ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں دو ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بالر بنے جبکہ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ایسا کرنے والے وہ 5ویں بولر بنے۔ افغانستان کے خلاف کنگز ٹائون میں 22 جون کو کھیلے گئے عالمی کپ کے سپرآٹھ کے میچ میں انہوں نے ایسا کیا۔ وہ اپنی اس ہیٹ ٹرک سے آسڑیلیا کو جیت دلانے میں ناکام رہے اور اٖفغانستان نے کم اسکور کے باوجود اس میچ میں 21 رنز سے جیت اپنے نام کرلی۔ افغانستان کی اننگزکے اٹھارویں اوور میں جو ان کا تیسرا اوور تھا، انہوں نے آخری بال پر ٹریوس ڈیوڈ کے ہاتھوں کیچ کراکے اپنی ہیٹ ٹرک کی شروعات کی تھی۔ افغانستان کی اننگز کے آخری اوور میں جو ان کا بھی آخری اوور تھا، اس تیز بولر نے کریم جنت کو ٹریوس ڈیوڈ کے ہاتھوں کیچ کرانے کے بعد گلبادین نائب کو گلین میکسویل کے ہاتھوں کیچ کراکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔

بنگلا دیش کے خلاف نارتھ ساونڈ میں دو روز یعنی 20 جون کو انہوں نے بنگلا دیش کے خلاف ہیٹ ٹرک انجام دی تھی اور عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک انجام دینے والے آسڑیلیا کے دوسرے اور کل ملاکر ساتویں بولر بنے تھے۔ انہوں نے اپنے تیسرے اوور کی پانچویں اور چھٹی بال پر وکٹ لینے کے بعد چوتھے اوور کی پہلی بال پر تیسرا وکٹ لیا۔ یہ بنگلا دیش کی اننگز کا اٹھارواں اور بیسواں اوور تھا۔ انہوں نے محمو داللہ کو بولڈ کرکے ہیٹ ٹرک کی شروعات کی تھی جس کے بعد انہوں نے مہدی حسن کو زمپا کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ انکے تیسرے شکار توحید ہری دوئے تھے جن کو جوش ہیزلوڈ نے کیچ کیا۔ انکی ہیٹ ٹرک سے آسڑیلیا نے ڈکورٹھ اینڈ لوئیس قاعدے کے تحت بنگلا دیش کو28 رنز سے شکست دی۔

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں دو مرتبہ ہیٹ ٹرک انجام دینے والے پہلے بولر سری لنکا کے لاستھ ملنگا تھے۔اس تیزبولرنے اپنی پہلی ہیٹ ٹرک بنگلا دیش کے خلاف کولمبو میں6 اپریل 2017 کو انجام دی تھی۔ اس ہیٹ ٹرک میں انکے شکار مشفق الرحیم۔مشرف مرتضی اورمہدی حسن میراز تھے۔ سری لنکاکو اس میچ میں45 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ پالے کیلے میں6 ستمبر 2019 کو لاستھ ملنکا نے نیوزی لینڈکے خلاف اپنی دوسری ہیٹ ٹرک کی تھی اور اس میچ میں سری لنکا نے37 رنز سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔ وہ چار بالوں پر چار وکٹ لینے میں کامیاب رہے تھے اور انکے شکار کولین مونرو، ہمیش ردرفورڈ، کولین ڈی گرانڈ ہومی اور روس ٹیلر بنے تھے۔

نیوزی لینڈکے ٹم ساوتھی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں دو ہیٹ ٹرک انجام دینے والے دوسرے بولر تھے۔ اس تیز بولر نے پاکستان کے خلاف آکلینڈ میں 26 دسمبر2010 کو اپنی پہلی ہیٹ ٹرک کی تھی۔ اس ہیٹ ٹرک میں انکے شکار یونس خان، محمد حفیظ اور عمر اکمل تھے۔ نیوزی لینڈ نے اس میچ میں پانچ وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔ بھارت کے خلاف ماونٹ مونگانوئی میں20 نومبر2022 کو انہوں نے دوسری مرتبہ ہیٹ ٹرک کی تھی مگر وہ اپنی ٹیم کو 65 رنز کی شکست سے نہیں بچا سکے تھے۔ اس ہیٹ ٹرک میں انکے شکار ہاردک پانڈیہ ، دیپک ہوڈا اور واشنگٹن سندر تھے۔

سربیا کے مارک پاولویک نے پہلی ہیٹ ٹرک ترکی کے خلاف صوفیہ میں23 جون2023 کو کی تھی۔ انکی ہیٹ ٹرک سے انکی ٹیم کو 70 رنز سے کامیابی ملی تھی اور اس ہیٹ ٹرک میں انکے شکار میسٹ اوزترک، محمد ترک مین اور محمدکرست تھے۔ اگلے دن اسی میدان پر انہوں نے کروشیا کے خلاف لگاتار تین بالوں پر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ اس میچ میں انکی ٹیم نو وکٹ سے جیتی تھی اور انکے شکار لوک اسٹبس، ہروجی ہاجنک اور انٹونیو فلے تاربنے تھے ۔ مالٹا کے وسیم عباس بھی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں دو ہیٹ ٹرک کرنے والے بولروں میں شامل ہیں۔ انہوں نے دو ہیٹ ٹرک مارسا میں کھیلے گئے میچوں میں کی تھی۔8 جولائی2021 کو بلجیم کے خلاف انہوں نے عاشق اللہ سعید، خالد احمدی اور نمیش مہتہ کو لگاتار تین بالوں پر آئوٹ کرنے کے بعد اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی اور اپنی ٹیم کی چھ وکٹ کی جیت میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔ دائیں ہاتھ کے اس تیز بولر نے فرانس کے خلاف10جولائی2023 کو ہوئے میچ میں زین احمد، شیام وارنا کلاسوریہ اور داوداحمد زئی کو آئوٹ کرکے اپنی دوسری ہیٹ ٹرک انجام دی تھی۔ اس میچ میں انکی ٹیم نے چار رن سے جیت حاصل کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے