اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کے گھر پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں ان کی بہن سمیت 10 افراد شہید ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صہیونی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والوں میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کے خاندان کے دیگر افراد بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی افواج کے حملوں میں 28 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے پناہ گزین اسکول پر بھی بمباری کی، جس کے نتیجے میں مزید 16 فلسطینی شہید ہوگئے۔جبکہ صہیونی فوج نے غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر حملہ کر کے 8 فلسطینی شہید کردیے۔
7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 37 ہزار 626 تک پہنچ گئی ہے۔
غزہ وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باعث زخمیوں کی تعداد 86 ہزار 098 سے تجاوز کر گئی ہے۔

