واشنگٹن:غزہ پر اسرائیلی بمباری اور ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں کی شہادت پر احتجاج کرتے ہوئے امریکی فضائیہ کے 2 پائلٹس نے احتجاجاً استعفا دے دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق احتجاج کے طور پر استعفا دینے والے امریکی ائرفورس کے پائلٹس نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم ناقابل برداشت ہیں۔ پائلٹس نے کہا کہ بمباری میں شہید فلسطینیوں خصوصاً بچوں کی مسخ لاشوں کی دلخراش وڈیوز ہمارے موبائل فونز تک پہنچ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل بمباری اور تباہی کی دل تڑپا دینے والی وڈیوز فوج میں بھی اور فوج سے باہر بھی امریکی عوام کے ضمیر کو آواز دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب نہ صرف امریکا بلکہ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔ ہم اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنے عہدوں سے احتجاج کرتے ہوئے استعفا دے رہے ہیں۔
دریں اثنا جنگ مخالف ایک امریکی تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج کے 40 سے زائد دیگر اہل کار بھی غزہ جنگ کے خلاف مستعفی ہونے پر غور کر رہے ہیں۔

