امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز میں افغان اوپنرز نے شراکت داری کے منفرد ریکارڈز حاصل کرلیے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق افغانستان کرکٹ ٹیم کی اوپننگ جوڑی نے رواں برس ہونے والے ٹی 20 عالمی کپ میں سب سے زیادہ مشترکہ رنز بنا کر ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ابراہیم زدران اور رحمٰن اللہ گرباز نے سپر 8 مرحلے کے میچ میں بنگلادیش کے خلاف ریکارڈ بنایا۔
دونوں کھلاڑیوں نے مختلف میچز میں مجموعی طور پر 442 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ریکارڈ حاصل کیا۔ اس سے قبل پاکستانی اوپننگ جوڑی کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کے پاس سب سے زیادہ مشترکہ رنز کا اعزاز تھا، جو 411 رنز پر قائم ہوا تھا۔
اس کے علاوہ افغانستان کی ٹیم کے دونوں اوپنر کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ کے ایک ہی ایڈیشن میں 4 ففٹی پلس رنز کی شراکت داری بھی قائم کرکے ایک نیا ریکارڈ حاصل کیا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 3 سنچریوں کی بھی شراکت داری بنی۔

