
نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی وزیر آب کی طبیعت بھوک ہڑتال کے دوران خراب ہوگئی، جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق عام آدمی پارٹی کی رہنما آتشی مرلینا سنگھ 4 روز سے بھوک ہڑتال پر تھیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ہریانہ سے دلی کے جائز حصے کا پانی دیا جائے۔آتشی نے ہڑتال کے چوتھے دن کہاکہ شہر میں 28لاکھ لوگ پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں۔ بھارتی شہریوں کو ہر موسمِ گرما میں پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،تاہم رواں سال گرمی کی طویل لہر نے اس کمی کو مزید شدید کر دیا ہے ۔ دہلی اپنی پانی کی زیادہ تر ضروریات کے لیے دارالحکومت سے گزرنے والے دریائے جمنا پر انحصار کرتا ہے لیکن موسم گرما کے خشک مہینوں میں دریا کی رفتار سست پڑ جاتی ہے۔ وزیرآب آتشی نے ہریانہ کو دریا کے پانی کا ایک بڑے حصہ ہڑپ کر جانے کا ذمے دار قرار دیا۔ ادھر ہریانہ حکومت کا موقف ہے کہ یہ دہلی کی بدانتظامی ہے۔
