لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) لندن میں چوری اور موبائل چھیننے کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ موبائل فون کا چھینا جانا یا چوری ہونا صرف غریب ممالک کا ہی مسئلہ نہیں بلکہ برطانوی دارالحکومت کے باسی بھی اس سے پریشان ہیں۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لندن میں ہر 4 منٹ میں ایک موبائل فون چوری ہو جاتا ہے یا چھین لیا جاتا ہے۔ لندن کے سیف سٹی کیمرے اور متاثرہ افراد لٹیروں کو دیکھتے رہ جاتے ہیں۔ سینٹرل لندن کے ساتھ برطانیہ کے دیگر اہم سیاحتی مقامات پر بھی موبائل چوری اور چھینا جھپٹی کے واقعات عام ہوچکے ہیں۔ اس حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد موبائل فون چوری ہوئے یا چھین لیے گئے۔اس کے علاوہ برطانیہ میں گاڑیوں کے پرزے چوری ہونے کے واقعات بھی بڑھ گئے ہیں۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ضرورت کے مطابق ہر قسم کی گاڑیاں چوری ہوتی ہیں اور سامان چرا لیا جاتا ہے۔مجرم سمجھ دار ہیں اور ان پرزوں کی مانگ پر نظر رکھنے کے لیے تحقیق کرتے رہتے ہیں۔ یاد رہے کہ رمضان المبارک کے دوران برطانیہ کے شمال مغربی شہر گریٹر مانچسٹر میں طلائی زیورات کی چوریوں میں اضافے کی خبر دی گئی تھی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق افطار اور نماز کے لیے گھر سے جانے والے مسلمانوں کے گھروں میں چوریوں کے واقعات میں اضافہ نوٹ کیا گیا تھا۔
