کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ منشیات کے تدارک کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، منشیات کا مکمل خاتمہ قومی فریضہ جو مشترکہ کاوشوں سے ممکن ہو سکتا ہے۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے عالمی یوم انسداد منشیات و غیر قانونی اسمگلنگ کے موقع پر کہا کہ معاشرے میں منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال انتہائی تشویش ناک ہے جو نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے مستقبل کو بھی دائو پر لگا رہا ہے۔آج کے انٹرنیشنل انسداد منشیات و غیر قانونی سمگلنگ دن منانے عوامی سطح پر منشیات کے تمام مضر اثرات و نقصانات کے حوالے سے اجتماعی احساس اُجاگر کرنا ہے، منشیات کی لعنت پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی طلب، اس کی رسد اور انسداد منشیات کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بھرپور توجہ مرکوز کی ضرورت ہے۔ گورنر جعفر خان مندوخیل نے واضح کر دیا کہ قومی سطح پر تشکیل دی جانے والی انسدادِ منشیات کی پالیسی کو موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے صوبوں اور خاص طور سے تعلیمی اداروں اور ذرائع ابلاغ کا تعاون خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
