سکھر (نمائندہ جسارت) یوم شہادت خلیفہ دوئم، امیر المومین سیدنا فاروق اعظمؓ کی مناسبت سے گائوں خیر محمد کھوسہ سائٹ ایریا میں سنی رابطہ کمیٹی ضلع سکھر کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور بعد ازاں (مدح صحابہ) ریلی نکالی گئی، ریلی مختلف مقامات سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی، سیمینار میں مولانا خالد محمود نقشبندی، مولانا معشوق ملاح، قاری منیر احمد انقلابی، مولانا محمد ہاشم فاروقی، مولانا غلام اللہ حیدری، سائیں ثناء اللہ عثمانی و دیگر علماء کرام و رہنمائوں نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ وطن عزیر کا مقدر خلافت راشدہ کا نظام ہے، سیدنا فاروق اعظم ؓ کی سیرت پر چل کر ریاست مدینہ بنائی جا سکتی ہے۔ بعد ازاں سیمینار میں کارکنان کی کثیر تعداد نے ریلی نکالی اور نعرے بازی کی۔ مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ 22 لاکھ مربع میل پر خلافت کرنے والے کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، برطانیہ میں عمر لاء لاگو ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں لاگو کیا جاتا؟ وطن عزیز کا مقدر خلافت راشدہ کا نظام ہے جس کے لیے ہم کوشاں ہیں۔ رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اکثریتی سنی عوام کے دیرینہ مطالبے کو فوری تسلیم کرتے ہوئے کے پی کے کی طرح تینوں صوبوں میں یوم شہادت سیدنا فاروق اعظمؓ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔