ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں پولیس نے چار بھارتی باشندوں کو انسانی اسمگلنگ کے گروہ چلانے کے الزام میں گرفتار کرکے 15 خواتین کو بازیاب کرایا ہے۔ پولیس کہتی ہے مزید 50 افراد کو بازیاب کرایا جاسکتا ہے۔
گرفتار کیے جانے والے چاروں بھارتی باشندوں پر الزام ہے کہ وہ آئی ٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بھارتی باشندوں کو امریکا لاکر غلاموں کی طرح رکھتے تھے۔ اُن کی اجرت کا 20 فیصد انسانی اسمگلنگ گروہ کا سرغنہ وصول کرتا تھا۔
پرنسٹن شہر کی پولیس نے ایک دو منزلہ عمارت پر چھاپہ مار کر 15 خواتین کو انسانی اسمگلرز سے چُھٹکارا دلایا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انسانی اسمگلنگ کا یہ بھارتی ریکٹ کھٹملوں کے باعث پکڑا گیا۔ ہوا یہ کہ جس عمارت میں آئی ٹی کے شعبے میں معمولی سی مہارت رکھنے والی خواتین کو رکھا گیا تھا اُنہوں نے کھٹملوں کی شکایت کی۔
پیسٹ کنٹرول ٹیم کو بلایا گیا۔ ٹیم کے ارکان نے محسوس کیا کہ کچھ گڑبڑ ہے کیونکہ ایک کمرے میں پانچ خواتین فرش پر سو رہی تھیں اور وہاں دس سوٹ کیس پڑے تھے۔ پیسٹ کنٹرول ٹیم نے مقامی پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس آئی تو بھانڈا پھوٹ گیا۔
پولیس نے جب سنتوش کٹکوری، اُس کی بیوی دوارکا، ڈیزیریڈی اور انیل مالے کو گرفتار کیا تو اُنہوں نے تفتیش کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ جن خواتین کو بازیاب کرایا گیا ہے اُنہیں وہی لائے تھے۔

