
برلن/لندن (سید عاصم علی قادری)انگلینڈ کی ٹیم یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی ۔ انگلینڈکی ٹیم نیچیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں سخت مقابلے کے بعد نیدرلینڈزکو ایک کے مقابلے میں 2گول سے شکست دے کر دوسری مرتبہ فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے یورپین فٹ بال چیمپئن شپ 2020کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا تاہم اس میں برطانوی ٹیم کو اٹلی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ہیری ایڈورڈ کین اور اولیور جارج آرتھر واٹکنز نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم انگلینڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ نیدرلینڈز کی طرف سے واحد گول کوئنٹن شی سائمنز نے ا سکور کیا۔ ویسٹ فالن اسٹیڈیون، ڈارٹمنڈ میں کھیلے گئے چیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں انگلینڈ فٹ بال ٹیم نے نیدرلینڈز کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد 2-1گول سے ہرا دیا۔ نیدر لینڈز کی طرف سے پہلا گول کوئنٹن شی سائمنز نے میچ شروع ہونے کے بعد 7 ویں منٹ پر اسکور کیااور اپنی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 1-0گول کی برتری دلا دی۔انگلینڈ کے ہیری ایڈورڈ کین نے میچ کے 18ویں منٹ پر ملنے والی پنالٹی کک کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک گول کر کے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ میچ کے پہلے ہاف پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ انگلینڈ کے اولیور جارج آرتھر واٹکنز میچ کے اختتامی لمحات میں 90 ویں منٹ پر ایک گول کر کے مقابلہ 2-1کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا اور یوں انگلینڈ کی ٹیم نے نیدرلینڈز کو سخت مقابلے کے بعد 2-1گول سے ہرا کر یورپین فٹ بال چیمپئن شپ 2020 کے بعد دوسری مرتبہ فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ انگلینڈ کا یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں مقابلہ ا سپین سے ہوگا۔
