لاہور:مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم اور لیگی قائد نواز شریف نے موجودہ سیاسی صورت حال اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے تناظر میں مشاورت کے لیے پارٹی قیادت کو مری طلب کرلیا ہے، جہاں ہونے والے اہم اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینئر ارکان پہنچیں گے۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ن لیگ کی قانونی ٹیم بھی اجلاس میں موجود ہوگی جو سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے کیس سے متعلق حالیہ فیصلے پر پارٹی قیادت کو بریف کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بھی مری اجلاس میں شریک ہونے کا امکان ہے۔ اہم اجلاس میں مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے بڑے فیصلے متوقع ہیں۔

