کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کراچی کے مختلف گرائونڈز میں 2روزہ چیلنج کپ میں لانڈھی جمخانہ گرائونڈ پر کھیلے گئے میچ میں زون 7 نے میچ کے پہلے روز پہلے بیٹنگ کرتے ہویے 75اوورز میں 360رنز اسکور کئے ۔ میچ کے دوسرے روز زون 5 وائٹس نے دوسری بیٹنگ کرتے ہویے جواب میں ارسلان بشیر کی ڈبل سنچری کی بدولت 65اوورز میں 362 رنز بناکر زون 7کے خلاف 2 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ زون 5کی طرف سے ارسلان بشیر نے ون ڈائون آکر شاندار ڈبل سنچری اسکور کی۔ وکٹ کے چاروں طرف خوبصورت اسٹروک سے پویلین میں بیٹھے شائقین کو اپنے سحر میں لے لیا۔ ان کی ڈبل سنچری میں 18چوکے اور 8بلند بالا چھکے شامل تھے جو انہوں نے 201گیندوں پر اسکور کئے۔ یہ اس ٹورنامنٹ کی پہلی ڈبل سنچری ہے۔

