ماتلی (نمائندہ جسارت) ڈاکوؤں کی فائرنگ سے گلاب لغاری تھانے کا اہلکار زخمی ہو گیا۔ ملنے والی مصدقہ اطلاعات کے مطابق حملے میں علاقے کے بدنام ڈکیت ڈھول چانڈیو اور اس کے ساتھی ڈاکو ملوث ہیں۔ یہ ڈکیت گینگ ضلع ٹنڈو محمد خان، شیخ بھرکیو، چمبڑ، ٹنڈو الہیار، گلاب لغاری اور فلکارہ کے سیریس میں عرصے سے لوٹ مار کی وارداتیں کرتا چلا آرہا ہے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے گلاب لغاری تھانے میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل خان محمد لغاری شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی پولیس اہلکار کو نازک حالت کے پیش نذر سول اسپتال لے جایا گیا۔ گلاب لغاری تھانے کی پولیس ٹیم رات کے معمول کے گشت پر جب گوٹھ کالرو موری کے علاقے میں ٹیل موری کے قریب پہنچی تو واردات کی نیت سے موجود ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے کانسٹیبل خان محمد لغری زخمی ہو گیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد ڈاکو فرار ہو گئے، انتہائی مصدقہ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پولیس ٹیم پر فائرنگ کرنے والے 5 میں سے 3 ڈاکوئوں کی شناخت در محمد عرف ڈھول چانڈیو، ڈاکو حکیم لغاری اور ٹالھو فارم کے علاقے کے ڈاکو فضل عرف کارو کے نام سے ہوئی۔ تاہم گلاب لغاری پولیس واقعے کی تفصیلات بتانے سے گریز کر رہی ہے۔