اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرکے بھیک مانگنے میں ملوث 8 مسافروں کو آف لوڈ کردیا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان عمرہ ویزا پر سعودی عرب جارہے تھے۔ گرفتار مسافروں میں 5 خواتین بھی شامل ہیں، ملزمان کے سامان سے 900 سگریٹ بکس اور 70 ویلو کے پیکٹ برآمد ہوئے۔ ملزمان کا تعلق لودھراں اور ملتان سے ہے، ملزمان کے پاس فی کس 500 ریال سے بھی کم پیسے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان عمرہ کے حوالے سے بھی امیگریشن حکام کو مطمئن نہ کرسکے، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔

