English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دھرنے کی تیاری مکمل ہے‘ پوری یکسوئی سے 26جولائی کو اسلام آباد پہنچیں گے‘حافظ نعیم الرحمن

القمر

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے عاشورہ کے پیش نظردھرنے کو مؤخر کیا تھا، پوری یکسوئی سے 26جولائی کو اسلام آباد میں پہنچیں گے، تیاریاں مکمل ہیں، دھرنے میں شرکت کے لیے کراچی اور ملک کے دور دراز علاقوں سے قافلے ایک 2 روز قبل روانہ ہوں گے، تمام قافلے بیک وقت اسلام آبادآکر بیٹھیں گے، جو بھی سیاسی جماعت ہمارے دھرنے میں شرکت کرنا چاہے، کوئی قدغن نہیں، عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، دھرنا پرامن ہو گا، دھرنے کی طوالت کا انحصار حکومتی رویے پر ہے، عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو نہیں اٹھیں گے۔ انھوں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے دھرنے میں شرکت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کی اکثریت کے مالکان حکومت میں ہیں اور عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں، نظیر نہیں ملتی کہ دنیا میں ایسے ظالمانہ معاہدے ہوئے ہوں جو حکمرانوں نے آئی پی پیز کے ساتھ کیے۔ حکمران اشرافیہ غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی کو ہر طریقے سے لوٹ کر دولت باہر بھیجتی ہے، گزشتہ 3 ماہ میں آئی پی پیز کو 450ارب دیے گئے، متعدد آئی پی پیز کو بجلی نہ بنانے پر 10ارب ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں، آئی پی پیز کے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہیں، معاہدوں کی تفصیلات قوم کے سامنے لائی جائیں، اندھے معاہدوں کی قیمت عوام چکا رہے ہیں، ہر یونٹ پر 18روپے کیپسٹی چارجز کی مد میں شامل کیے جاتے ہیں۔ 26جولائی کا اسلام آباد دھرنا بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہے، ناجائز ٹیکسز واپس لیے جائیں۔منصوہ سے جاری بیان اور سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ گنے چنے حکمران خاندانوں نے پورا ملک یرغمال بنا رکھا ہے، غریب کو 2 وقت کی روٹی دستیاب نہیں اور یہ ریاستی وسائل پر عیاشیاں کر رہے ہیں، پروٹوکول کے مزے لے رہے ہیں، بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر 35فیصد مزید ٹیکسز عاید کیے گئے، سول ملٹری بیوروکریسی کو چھوٹ دی گئی، حکومتی اخراجات میں 25فیصد اضافہ ہوا، آئی ایم ایف کو یہ سب ظلم نظر نہیں آتا۔ آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں، ملازمین کو ریلیف دیا جائے، ٹیکسز واپس لے کر چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی ٹیرف میں سلیب سسٹم کا خاتمہ کیا جائے۔ بھارت میں بجلی کے فی یونٹ کی قیمت 8سینٹ، چین میں 4 سینٹ اور پاکستان میں 16سینٹ ہے۔ بجلی بلوں میں درجن بھر ٹیکسز شامل ہوتے ہیں، گیس بلوں میں سبسڈی ختم کر دی گئی، پیٹرول کے ایک لیٹر پر 70روپے کے قریب لیوی ہے، حکمران فری بجلی، پیٹرول اور گیس استعمال کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ ہوئی تو صنعت کے ساتھ ساتھ زراعت کا بیڑہ بھی غرق ہو جائے گا، کسانوں کو پانی دستیاب نہیں، زرعی بجلی کے ٹیرف میں اضافے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے