پیرس (اسپورٹس ڈیسک):فرانس میں پاکستانی برادری اور سفارت خانہ نے سمر اولمپک گیمز میں پاکستانی اولمپک دستہ کے لئے بھرپور حمایت اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے جس کے انعقاد میں6 روز باقی رہ گئے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی کامیابی کے لئے ہم سب دعا گو ہیں۔سمر اولمپکس، پیرس 26 جولائی کو شروع ہورہے ہیں جس میں پاکستانی ایتھلیٹس نیزہ بازی، شوٹنگ اور تیراکی کے مقابلوں میں مادر وطن کی نمائندگی کریں گے۔ 11اگست تک سجنے والے میلے میں پاکستانی دستے میں ایتھلیٹکس میں ارشد ندیم (نیزہ بازی)، فائقہ ریاض (100میٹر دوڑ)، تیراکی میں محمد احمد درانی (200 میٹر فری اسٹائل) ،جہاں آرا نبی( 200 میٹر فری اسٹائل) شوٹنگ میں غلام مصطفی بشیر(25 میٹر ریپڈ فائر پستول ) گلفام جوزف (10 میٹر ایئر پسٹل، 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم) اور کشمالہ طلعت(میٹر ایئر پسٹل، 25 میٹر پسٹل، 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم))شامل ہیں ۔ فرانس میں پاکستان کے سفارتخانہ نے سمر اولمپک گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس کی بھرپور حمایت اور حوصلہ افزائی پر زور دیا ہے جن کا مقصد ایتھلیٹکس سے لے کر شوٹنگ اور تیراکی تک کے مقابلوں میں مادر وطن کا نام روشن کرنا ہے ۔1948میں جب پاکستان نے پہلی مرتبہ اولمپکس میں حصہ لیا، اس وقت سے اس نے 10 تمغے جیتے تھے جن میں سے 8مردوں کی ہاکی میں اور ایک، ایک تمغہ ریسلنگ اور باکسنگ میں ملا تھا۔
